کلنڈامائسن

Clindamycin [ Urdu ]

PDF download is not available for Arabic and Urdu languages at this time. Please use the browser print function instead

آپکے بچے کو کلنڈامائسن نامی دوا لینے کی ضرورت ہوگی۔ یہ معلوماتی پرچہ آپکو اس بات کی وضاحت کرے گا کہ کلنڈامائسن کیا کرتی ہے، اسکو کس طرح دیا جاتا ہے اور اسکو لینے کے بعد آپکے بچے کو کس طرح کے مسائل اور ضمنی اثرات پیش آئیں گے۔

یہ دوا کیا ہے؟

کلنڈامائسن ایک ایسی دوا ہے جسے اینٹی بائیوٹک کہا جاتا ہے۔ اینٹی بائیوٹک کا استعمال ان جراثیم جنھیں بیکٹیریا کہتے ہیں، کی وجہ سے ہونے والی انفیکشن کے علاج اور اس سے بچاو کے لئے کیا جاتا ہے۔

آپ نے کلنڈامائسن کے برینڈ کا نام ڈیلاسن سنا ہوگا۔ کلنڈامائسن کیپسول، محلول اور ٹیکوں کی شکل میں آتی ہے۔

اپنے بچے کو یہ دوا دینے سے پہلے

اگر آپکے بچے کو کلنڈامائسن سے الرجی ہو تو اس بارے میں اپنے ڈاکٹر کو بتائیں۔

اگر آپکے بچے کی ان میں سے کوئی بھی کیفیت ہو تو اپنے بچے کے ڈاکٹر یا دواساز سے بات کریں۔ اگر ان میں سے آپکے بچے کو کچھ بھی ہو تو اس دوا کے بارے میں احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنا پڑ سکتا ہے۔

  • گردوں کی شدید بیماری
  • جگر کی شدید بیماری
  • ماضی میں وَرمِ قولون کا ہونا جس میں اینٹی بائیوٹک کی وجہ سے ہونے والا وَرمِ قولون بھی شامل ہے

آپکو اپنے بچے کو یہ دوا کس طرح دینی چاہیے؟

اپنے بچے کو کلنڈامائسن دیتے وقت ان ہدایات پر عمل کریں:

  • اپنے بچے کو تب تک کلنڈامائسن دیتے رہیں جب تک آپکا ڈاکٹر یا دواساز کہے، چاہے آپکا بچہ بہتر بھی نظر آرہا ہو۔
  • کسی بھی وجہ سے اس دوا کا استعمال روکنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔
  • معدے کے خرابی کے امکانات کم کرنے کے لئے ہمیشہ کلنڈامائسن کو کھانے کے ساتھ یا پھر ایک گلاس پانی کے ساتھ دیں۔
  • اپنے بچے کو کلنڈامائسن ہر روز ایک ہی وقت پر دیں جس وقت آپکا ڈاکٹر یا دوا ساز کہے۔ خوراک چھوٹنے سے بچنے کے لئے اس وقت کا انتخاب کریں جو وقت آپکے لئے آرام دہ ہو۔
  • اگر آپکا بچہ مائع کلنڈامائسن لے رہا ہو تو بوتل کو اچھی طرح ہلائیں۔ خاص چمچ سے یا پھر دواساز کی دی ہوئی بوتل سے دوا کی پیمائش کریں۔
  • کلنڈامائسن بچے کی نس میں انجیکشن کے زریعے بھی داخل کی جا سکتی ہے۔ انجیکشن عام طور پر ہسپتال میں دیا جاتا ہے۔

اگر آپکے بچے کی خوراک چھوٹ جائے تو آپکو کیا کرنا چاہیے؟

  • یاد آنے پر جلد سے جلد اپنے بچے کو چُھوٹی ہوئی خوراک دیں۔
  • اگر اگلی خوراک کا وقت ہونے والا ہو تو چُھوٹی ہوئی خوراک کو چھوڑ کر اگلی خوراک اسکے وقت پر دیں۔
  • اپنے بچے کی چُھوٹی ہوئی خوراک کو پورا کرنے کے لئے اپنے بچے کو دو خوراکیں اکٹھی مت دیں۔

یہ دوا اپنا کام کرنے میں کتنا وقت لے گی؟

کلنڈامائسن کا استعمال شروع کرنے کے دو دن کے اندر آپکا بچہ بہتر محسوس کرنا شروع کر دے گا۔

اس دوا کے ممکن ضمنی اثرات کیا ہیں؟

ممکن ہے اس دوا کے استعمال کے دوران آپکے بچے پر اس دوا کے چند ضمنی اثرات ظاہر ہوں۔ اگر آپکے بچے کو ان ضمنی اثرات میں سے کوئی سے بھی اثرات محسوس ہوں اور یہ ختم نہ ہوں اور آپکے بچے کے لئے پریشانی کا بائث بنیں تو اپنے بچے کا اپنے ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔

  • ہلکا ڈائریا - پانی والے پاخانے
  • معدے کی خرابی
  • الٹیاں آنا

دیے گئے ضمنی اثرات عام نہیں ہیں مگر یہ کسی سنجیدہ بیماری کی نشاندہی ہو سکتے ہیں۔ اگر آپکے بچے کو ان میں سے کوئی بھی ضمنی اثرات ہوں تو فوراً اپنے بچے کے ڈاکٹر کو بلائیں یا پھر اسے ایمرجنسی میں لے کر جائیں۔

  • معدے میں شدید اکڑن یا درد
  • شدید پانی والا ڈائریا
  • خون کے ساتھ ڈائریا
  • بخار

اوپر دیے گئے ضمنی اثرات دوا کا استعمال روک دینے کے کئی ہفتوں بعد بھی ہو سکتے ہیں۔ اگر آپکے بچے میں ان میں سے کوئی بھی اثرات ظاہر ہوں تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رابطہ کریں چاہے آپکے بچے نے دوا کا استعمال روک بھی دیا ہو۔

جب آپکا بچہ اس دوا کا استعمال کر رہا ہو تو آپکو کیا حفاظتی اقدامات کرنے چاہیں؟

اپنے بچے کو کوئی بھی دوسری دوا (تجویزشدہ، غیر تجویز شدہ، جڑی بوٹیوں والی یا قدرتی مصنوعات) دینے سے پہلے اپنے ڈاکٹر یا دوا ساز کو دکھائیں۔

اپنے بچے کی کسی بھی قسم کی سرجری مشمول دانتوں کی سرجری یا کوئی بھی ہنگامی طور پر علاج کروانے سے پہلے اپنے ڈاکٹر یا ڈینٹسٹ کو بتائیں کہ آپکا بچہ کلنڈامائسن لے رہا ہے۔

شدید ڈائریا اس دوا کے سنجیدہ ضمنی اثرات کی نشاندہی ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹر کو دکھائے بغیر اپنے بچے کو کسی بھی قسم کی اموڈیم جیسی ڈائریے کی دوا مت دیں۔ ڈائریے کی ادویات ڈائریے کو اور شدید یا لمبا کر سکتی ہیں۔

اگر آپکا بچہ کلنڈامائسن لینے کے کچھ دن کے بعد بھی بہتر ہوتا نظر نہ آئے یا اسکی تکلیف بڑھتی جائے تو اسکا اپنے ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔

آپکو کونسی ضروری معلومات ہونی چاہیں؟

ان تمام ادویات کی لسٹ بنائیں جو آپکا بچہ لے رہا ہو اور اسکو اپنے ڈاکٹر یا دواساز کو دکھائیں۔

اپنے بچے کی ادویات کسی دوسرے کے ساتھ مت بانٹیں۔ اپنے بچے کو کسی دوسرے کی ادویات مت دیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپکے پاس کلنڈامائسن ہفتے کے آخر میں اور چھٹیوں کے دوران وافر مقدار میں موجود ہو۔ اپنی فارمیسی کو کم سے کم دو دن پہلے کال کریں۔ اس سے پہلے کے آپکے بچے کی دوا ختم ہو جائے۔

کلنڈامائسن کے کیپسول یا محلول کمرے کے درجہ حرارت میں ٹھنڈی اور خشک جگہ پر اور سورج کی روشنی سے دور رکھیں۔ اسکو غسل خانے یا باورچی خانے میں مت رکھیں۔

ایسی ادویات مت رکھیں جن کی میعاد ختم ہو چکی ہو۔ متروک اور فالتو ادویات کو ضائع کرنے کے بہتریں طریقے کے بارے میں جاننے کے لئے اپنے دوا ساز سے بات کریں۔

کلنڈامائسن کو بچوں کی نظر اور پہنچ سے دور رکھیں اور اسے کسی محفوظ جگہ پر رکھیں۔ اگر آپکا بچہ بہت ذیادہ مقدار میں کلنڈامائسن استعمال کر لے تو اونٹاریو پوائزن سنٹر کے ان میں سے کسی ایک نمبر پر کال کریں۔ یہ کالیں مفت ہیں۔

  • اگر آپ ٹورونٹو میں ہیں تو 5900-813-416 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو میں کسی اور جگہ پر رہتے ہیں تو 9017-268-800-1 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو سے باہر رہتے ہیں تو اپنے لوکل پوائزن انفارمیشن سنٹر میں کال کریں۔

دست برداری: اس فیملی مڈ ایڈ میں مہیا کی گئی معلومات پرنٹنگ کے وقت درست تھیں۔ اس میں کلنڈامائسن کی معلومات کا خلاصہ مہیا کرتا ہے اور اس میں دوا کے بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں۔ اس دوا کے تمام ضمنی اثرات کا نہیں بتایا گیا۔ اگر آپکا کوئی سوال ہے یا آپکو کلنڈامائسن کے بارے میں اور معلومات درکار ہوں تو اپنے قریبی ہیلتھ کئیر مہیا کرنے والے سے رابطہ کریں۔

Last updated: ربيع الأول 12 1431