اسٹریپ تھروٹ گلے کی ایک بیماری کا نام ہے

Strep throat [ Urdu ]

PDF download is not available for Arabic and Urdu languages at this time. Please use the browser print function instead

گلے کی خرابی کی بژی وجہ اس کا سرخ ھو کر سوجنا ھےجو کہ ایسے بیکٹیریا کی انفیکشن کی وجہ سے ھوتا ھے جو سٹریپٹوکوسی کہلاتا ھے۔ اس بات کی جانکاری حاصل کریں کہ ایسی صورت میں بچے کی دیکھ بھال کیسے کی جائے۔

اسٹریپ تھروٹ کیا ہے ؟

اسٹریپ تھروٹ گلے کی ایک انفیکشن ہے جو کہ بیکٹریا، یا جراثیم کے سبب ہوتی ہے، جسے اصطلاح میں زنجیری نبقہ کہتے ہیں۔ اس انفیکشن کی اہم علامات بخار اور گلے کی خراش ہیں۔گلے کی خراش 4 سے 8 سال کی عمر کے بچوں میں بہت عام ہے، اور دو سال سے کم عمر کے بچوں میں معدوم ہے۔ ایک قسم کی گلے کی بیماری گروپ اے بےٹا-ہیمولائیٹک اسٹریپٹوکوکس (جی اے بی ایس)  کے باعث ہوتی ہےجو جسم کے مختلف حصوں میں پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ اسٹریپ تھروٹ کی دوسری قِسمیں ان پیچیدگیوں کا سبب نہیں بنتیں۔

نشانیاں اور علامات

  • گلے کی خراش
  • بخار
  • ایسابھی ہوسکتا ہے کہ بوجہِ درد آپ کا بچہ کھانے یا پینے کو منع کرے
  • ممکن ہے کہ آپ کے بچہ کو نگلنے میں دشواری ہو
  • بڑے سرخ لوزے، کبھی کبھار سفید-پیلی تہ سے ڈھکے ہوتے ہیں

ایسابھی ہوسکتا ہےکہ کچھ بچوں میں دوسری علامات ہوں مثلاً سر درد، متلی، قے، معدے کا درد، یا پٹھوں میں درد ۔

اسٹریپ تھروٹ کی علامات گلے کی خراش کی علامات سے مشابہ ہیں جو وائرس یا دوسرے امراض کے باعث ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صحت کی نگہداشت فراہم کرنے والوں کو آپ کے بچہ کا معائنہ کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ صحیح وجہ کی نشان دہی ہو سکے ۔

ڈاکٹر اسٹریپ تھروٹ کے لئے کیا کر سکتے ہیں ؟

تھروٹ سوئیب

بچہ کے گلے کی خراش کا سبب معلوم کرنے کے لئے، ڈاکٹر تھروٹ سوئیب لے گا۔ تھروٹ سوئیب ایک تیلی ہےجس کی نوک پر روئی لپٹی ہوتی ہےڈاکٹر آپ کے بچے کے منہ کے اندر کی ایک جانب سے اور پچھے حلق سے اُس سے پونچھے گا۔ پھر یہ سوئیب گروپ اےکےانفیکشن(اسٹریپ جرثومہ)کےلئےجانچاجائےگا۔

اسٹریپ کی نشان دہی کے لئے ممکن ہے کہ کچھ کلینک ریپڈ ٹیسٹ کو استعمال کریں۔ صرف مُثبت ہونے کی صورت میں یہ کارآمد ہے۔ منفی ریپڈ ٹیسٹ اسٹریپ تھروٹ کے امکان کو خارج نہیں کرتا۔

اینٹی بائیوٹکس

باوجود اس کے کہ اسٹریپ تھروٹ بغیر دوا کے بہتر ہو سکتا ہے، اگر علاج نہ کیا جائےتو جی اے بی ایس کے ساتھ انفیکشن پیچیدگیاں پیدا کرسکتی ہے۔ اگر تھروٹ سوئیب جی اے بی ایس کے لئے مُثبت ہے، تو ڈاکٹر اورل اینٹی بائیوٹک (منہ سے لینے والی )  تجویز کرے گا۔ ممکن ہے کہ اسٹریپ تھروٹ کی دوسری اقسام کا اینٹی بائیوٹک کے ساتھ علاج کرنے کی ضرورت نہ پڑے ۔

اپنے بچے کی گھر پر نگہداشت

بخار کی خبرگیری رکھیں اور اینٹی بائیوٹک کو مکمل کریں

اینٹی بائیوٹکس شروع کرنے کے تین دن کے اندر بخار اور گلے کا درد عام طور پر بہتر ہوتا ہے۔ اِسں کو دوسری بار ہونے سے روکنے، اینٹی بائیوٹک سے مدافعت، اور بیماری کی پیچیدگیوں کے لئے یہ بہت اہم ہےکہ تجویزکردہ اینٹی بائیوٹک کے علاج کا کورس مکمل کیا جائے۔

بخار اور درد کا علاج کرنے کے لئے ایسیٹامائنوفین( ٹائلینال، ٹیمپرا، یا دیگر برانڈز ) یا آئی بیوپروفین(موٹرین، ایڈول، یادیگر برانڈز ) استعمال کی جا سکتے ہیں۔ بچہ کو اےایس اے (اسی ٹائل سیلی سیلک ایسڈ یا ایسپرین) ہرگز نہ دیں۔

اپنے بچے کو نرم غذا اور مائع خوراک کھانے کیلئے دیں

ایسا بھی ہو سکتا ہےکہ اسٹریپ تھروٹ میں آپ کے بچے کے لئے کھانا و پینا تکلیف دہ ہو ۔ اپنے بچے کو زیادہ پُر سکون رکھنے کے لئے، درجِ ذیل کوششیں کریں :

  • اگر آپ کے بچے کو نِگلنے میں مشکل ہو رہی ہے، تو نرم غذا دیں جو کہ باآسانی نگلی جا سکے، مثلاً یخنی، آئسکریم، پُڈنِگ، یادہی۔
  • وافر مقدار میں مائعات دیں۔ پتلی نلکی(اسٹرا)کے ساتھ گھونٹ لینا یانلکی لگا ہوا کپ کارآمد ثابت ہو سکتا ہے ۔
  • اگر آپ کا بچہ 1 سال سے بڑا ہے، تو کوشش کیجئیےکہ گلےکی تسکین اور کھانسی میں مدد کے لئےاسے1 تا 2 چائےکےچمچے(5 تا 10 ملی لیٹر) پیسچر کے طریقے سے بنا ہوا شہددیں۔
  • بڑے بچے ہلکے نمکین گرم پانی کے ساتھ غرارے کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

ایسا بھی ممکن ہےکہ برف کے چھوٹے چھوٹے ٹکرے اور دوائی والی میٹھی ٹکیہ(لوزینجز) بڑے بچوں یا 19 سال سے کم عمر کے بچوں کو کچھ آرام پہنچائیں۔ چھوٹے بچوں کو یہ نہ دیں،کیونکہ ان کا دم گھُٹنے کا خطرہ ہے۔

انفیکشن کو پھیلنے سے روکیں

اسٹریپ تھروٹ خاندان کے دوسرے افراد اور آپ کے بچےکے ہم جماعتوں میں باآسانی پھیل سکتا ہے۔کوئی بھی بچہ یا بالغ جو آپ کے گھر میں رہتا ہو اور اگلے پانچ دن کے اندراُن میں وہ ہی علامات ظاہر ہوں تو تھروٹ سوئیب کروا لینا چاہیئے، اگر آپ کا بچہ 24 گھنٹے سے اینٹی بائیوٹک پر ہے تو وہ متعدی نہیں رہا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر وہ بہتر محسوس کر رہا ہے تو اس کے ایک دن کے بعد وہ اسکول واپس جاسکتا ہے۔

انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کیلئے دیگر تجاویز:

  • صابن اورگرم پانی سے ہاتھ دھوئیں یا الکوحل کی طرز پر بنے ہوئے محلول سے ہاتھ صاف کریں۔
  • پینے والے گلاسوں یا کھانے والے برتنوں کو اپنے دوستوں یا ہم جماعتوں کے ساتھ استعمال نہ کریں۔
  • اس بات کو یقینی بنائیے کہ اپنے بچے کے کھانے کے برتن اور پینےکےگلاسوں کو صابن دار گرم پانی یا ڈِش واشر میں دھوئیں۔
  • اپنی کہنی میں چھینکیں یا کھانستے وقت منہ اور ناک کو ڈھانپیں۔
  • بوسہ کرنے اور چہرے کے قریبی رابطے سے گریز کریں۔

پیچیدگیاں

گلے میں پیپ سے بھرا ایک پھوڑا

اسٹریپ تھروٹ کی ایک پیچیدگی تھروٹ ایبسس (گلے کے ریشوں میں پیپ کا جمع ہونا) کی نشوونما ہے۔ عام طور پر ایبسس کی علامات میں تیز بخار ، گُھٹی ہوئی آواز ، منہ کھولنے میں مشکل،کثرتِ لُعاب یا رال بہنا، اور بعض اوقات گردن میں سوجن شامل ہیں۔ اگر یہ علامات ظاہر ہوتی ہیں، تو طبی مدد حاصل کریں۔

دیگر پیچیدگیاں

اگر چہ ایسا شاذونادر ہوتا ہے، تاہم دیگر پیچیدگیاں رونما ہو سکتی ہیں۔ اس طرح کی ایک پیچیدگی گٹھیا کا بخار ہے، یہ ایک کیفیت ہے جوجلد، جوڑوں، دل، اور دماغ کو شامل کرسکتی ہے۔ دوسری پیچیدگیوں میں جوڑوں میں سوزش (آرتھراٹس) اور گردوں کی سوزش شامل ہو سکتیں ہیں۔

اسٹریپ تھروٹ کا علاج اینٹی بائیوٹک کے ساتھ کرنا تقریباً ہمیشہ ہی اِن پیچیدگیوں کی روک تھام کرتا ہے۔

اپنے بچہ کے صحت کی نگہداشت فراہم کرنے والے سے کب رابطہ قائم کریں

اپنے بچہ کے باقاعدگی سے معائنہ کرنے والے ڈاکٹر کو کال کریں اگر :

  • اینٹی بائیوٹک شروع کرنے کے بعد 3 دن کے اندر بخار نہیں اترتا
  • آپ کو کسی بھی طرح کی تشویش ہو یا آپ کے کوئی سوالات ہوں
  • آپ کے بچہ کو بخار ، جلد پر سرخ دانے، جوڑوں میں سوجن یا دم گھٹ رہا ہو

اپنے بچے کو قریبی ایمرجینسی ڈیپارٹمینٹ میں لے جائیں، یا اگر ضرورت ہو تو 911 پر کال کریں، اگر آپ کا بچہ:

  • پینے یا کھانے سےقاصر ہے اور اس کے جسم میں پانی کی کمی ہو رہی ہے
  • سانس لینے میں دقت ہو رہی ہے
  • بہت بیمار دکھائی دے رہا ہے

اہم نکات

  • اسٹریپ تھروٹ کی اہم علامات بخار اور گلے کی خراش ہیں۔
  • اگر آپ کو مُمکنہ اندیشہ ہے کہ آپ کے بچے کو اسٹریپ تھروٹ ہے، تو اسے اس کے معمول کے صحت کی نگہداشت فراہم کرنے والے کے پاس لے جائیں۔
  • اینٹی بائیوٹک کے علاج کا کورس پورا مکمل کرنا اس میں دوبارہ مبتلا ہونے اور پیچیدگیوں کی روک تھام کے لئے اہم ہے۔
  • نرم غذائیں اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کریں اور اس کے ساتھ ساتھ درد کو کم کرنے کے لئے درد کی ادویات لیں۔
  • اس بات کو یقینی بنائیں کہ خاندان کے دوسرے افراد یا قریبی تعلق رکھنے والوں میں اسٹریپ تھروٹ سے ملتی جلتی علامات ہیں تو وہ اپنے صحت کی نگہداشت فراہم کرنے والےکے پاس معائنے کیلئے جائیں۔
    Last updated: شوال 27 1430