کلیریتھرومائسن

Clarithromycin [ Urdu ]

PDF download is not available for Arabic and Urdu languages at this time. Please use the browser print function instead

آپکے بچے کو کلیریتھرومائسن نامی دوا لینے کی ضرورت ہوگی۔ یہ معلوماتی پرچہ آپکو اس بات کی وضاحت کرے گا کہ کلیریتھرومائسن کیا کرتی ہے، اسکو کس طرح دیا جاتا ہے اور اسکو لینے کے بعد آپکے بچے کو کس طرح کے مسائل اور ضمنی اثرات پیش آئیں گے۔

یہ دوا کیا ہے؟

کلیریتھرومائسن ایک ایسی دوا ہے جسے اینٹی بائیوٹک کہا جاتا ہے۔ اینٹی بائیوٹک کا استعمال ان جراثیم جنھیں بیکٹیریا کہتے ہیں، کی وجہ سے ہونے والی انفیکشن کے علاج اور اس سے بچاو کے لئے کیا جاتا ہے۔

آپ نے کلیریتھرومائسن کے برینڈ کا نام بائیاکسن سنا ہوگا کلیریتھرومائسن گولی، دیرپا اثر والی گولی اور مائع کی شکل میں آتی ہے۔

اپنے بچے کو یہ دوا دینے سے پہلے

اگر آپکے بچے کو کلیریتھرومائسن یا کسی اور میکرولائیڈ کے گروپ سے تعلق رکھنے والی دوا سے الرجی ہو تو اس بارے میں اپنے ڈاکٹر کو بتائیں۔ ان میں ایریتھومائسن اور ایزیتھرومائسن شامل ہیں۔

اگر آپکے بچے کی ان میں سے کوئی بھی کیفیت ہو تو اپنے بچے کے ڈاکٹر یا دواساز سے بات کریں۔ اگر ان میں سے آپکے بچے کو کچھ بھی ہو تو اس دوا کے بارے میں احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنا پڑ سکتا ہے۔

  • گردے کی بیماری
  • جگر کی بیماری

آپکو اپنے بچے کو یہ دوا کس طرح دینی چاہیے؟

اپنے بچے کو کلیریتھرومائسن دیتے وقت ان ہدایات پر عمل کریں:

  • اپنے بچے کو تب تک کلیریتھرومائسن دیتے رہیں جب تک آپکا ڈاکٹر یا دواساز کہے، چاہے آپکا بچہ بہتر بھی نظر آرہا ہو۔ کسی بھی وجہ سے اس دوا کا استعمال روکنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔
  • اپنے بچے کو کلیریتھرومائسن ہر روز ایک ہی وقت اور وقفوں پر دیں جس وقت آپکا ڈاکٹر یا دوا ساز کہے۔ خوراک چھوٹنے سے بچنے کے لئے اس وقت کا انتخاب کریں جو وقت آپکے لئے آرام دہ ہو۔
  • آپکا بچہ کلیریتھرومائسن کی گولی یا مائع کھانے کے ساتھ یا بغیر لے سکتا ہے۔ اگر یہ معدے کی خرابی کا بائث بنے تو اسکو کھانے کے ساتھ دیں۔
  • اگر آپکا بچہ دیرپا اثر والی گولیاں لے رہا ہو تو اسکو دودھ یا کھانے کے ساتھ ثابت لے۔ اس کو خالی پیٹ نہیں کھانا چاہیے۔ اسکو پیس کر، توڑ کر یا چبا کر بھی نہیں کھانا چاہیے۔
  • اگر آپکا بچہ کلیریتھرومائسن مائع کی شکل میں لے رہا ہو تو ہرخوراک دینے سے پہلے بوتل کو اچھی طرح ہلائیں۔ خاص چمچ سے یا پھر دواساز کی دی ہوئی بوتل سے دوا کی پیمائش کریں۔ مائع کلیریتھرومائسن کو ٹھنڈی، خشک اور اندھیری جگہ پر رکھیں۔ اسکو فریج میں مت رکھیں۔

اگر آپکے بچے کی خوراک چھوٹ جائے تو آپکو کیا کرنا چاہیے؟

  • یاد آنے پر جلد سے جلد اپنے بچے کو چُھوٹی ہوئی خوراک دیں۔
  • اگر اگلی خوراک کا وقت ہونے والا ہو تو چُھوٹی ہوئی خوراک کو چھوڑ کر اگلی خوراک اسکے وقت پر دیں۔
  • اپنے بچے کی چُھوٹی ہوئی خوراک کو پورا کرنے کے لئے اپنے بچے کو دو خوراکیں اکٹھی مت دیں۔

یہ دوا اپنا کام کرنے میں کتنا وقت لے گی؟

اس دوا کو شروع کرنے کے بعد بہتر محسوس کرنے میں آپکے بچے کو متعدد دن لگ سکتے ہیں۔ اس دوا کا پورا اثر دیکھنے میں مزید کئی دن لگ سکتے ہیں۔

اس دوا کے ممکن ضمنی اثرات کیا ہیں؟

ممکن ہے اس دوا کے استعمال کے دوران آپکے بچے پر اس دوا کے چند ضمنی اثرات ظاہر ہوں۔ اگر آپکے بچے کو ان ضمنی اثرات میں سے کوئی سے بھی اثرات محسوس ہوں اور یہ ختم نہ ہوں اور آپکے بچے کے لئے پریشانی کا بائث بنیں تو اپنے بچے کا اپنے ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔

  • خراب معدہ بشمول ہلکا ڈائریا یا پانی والے پخانے، مڑور یا بے آرامی، الٹیاں، سینے کی جلن یا بے ہضمی، پیٹ بھرا محسوس ہونا گیس کا خارج ہونا
  • سردرد
  • کھانے یا پینے کی چیزوں کے ذائقے میں تبدیلی

اگر آپ اپنے بچے میں یہ ضمنی اثرات دیکھیں تو ڈاکٹر کو دفتری اوقات میں فون کریں:

  • ہلکا جلد کا ریش یا جلد پر خارش

دیے گئے ضمنی اثرات عام نہیں ہیں مگر یہ کسی سنجیدہ بیماری کی نشاندہی ہو سکتے ہیں۔ اگر آپکے بچے کو ان میں سے کوئی بھی ضمنی اثرات ہوں تو فوراً اپنے بچے کے ڈاکٹر کو بلائیں یا پھر اسے ایمرجنسی میں لے کر جائیں۔

  • سانس لینے میں مشکلات، خرخراہٹ یا سینے کی جکڑن
  • چہرے، ہونٹوں، زبان یا حلق میں سوزش
  • شدید متلی یا الٹیاں، شدید ڈائریا یا پانی والے پاخانے، یا پیٹ کی درد
  • چھپاکی، جلد کا چھلنا یا شدید جلد کے ریش
  • جلد یا آنکھوں میں پیلاہٹ، زرد رنگ کے پاخانے یا تیز رنگ کا پیشاب
  • تیز، ہلکی یا بے ترتیب دل کی دھڑکن
  • شدید چکر یا بے ہوشی

جب آپکا بچہ اس دوا کا استعمال کر رہا ہو تو آپکو کیا حفاظتی اقدامات کرنے چاہیں؟

کچھ ادویات ایسی ہیں جن کے ساتھ کلیریتھرومائسن کا استعمال نہیں کرنا چاہیے یا بعض اوقات اسکو دوسری ادویات کے ساتھ ترتیب دینا پڑ سکتا ہے۔ اگر آپکا بچہ کوئی دوسری ادویات لے رہا ہو تو اپنے دواساز اور ڈاکٹر کو اس بارے میں بتائیں۔

  • اینٹی پلپٹک ادویات بشمول کاربامازیپائن، والپروٹ اور فینیٹوئن
  • دل کی ادویات بشمول ڈائیوکسن اور ایمیوڈارون
  • وارفارن
  • اینٹی ہسٹامائن
  • سائکلوپورین، ٹیکرولیمس، سیرولیمس
  • تھیوفیلائن
  • سیزاپرائیڈ

اپنے بچے کو کوئی بھی دوسری دوا (تجویزشدہ، غیر تجویز شدہ، جڑی بوٹیوں والی یا قدرتی مصنوعات) دینے سے پہلے اپنے ڈاکٹر یا دوا ساز کو دکھائیں۔

اپنے بچے کو کلیریتھرومائسن کے استعمال کے دوران چکوترا یا چکوترے کا جوس مت دیں۔

آپکو کونسی ضروری معلومات ہونی چاہیں؟

ان تمام ادویات کی لسٹ بنائیں جو آپکا بچہ لے رہا ہو اور اسکو اپنے ڈاکٹر یا دواساز کو دکھائیں۔

اپنے بچے کی ادویات کسی دوسرے کے ساتھ مت بانٹیں۔ اپنے بچے کو کسی دوسرے کی ادویات مت دیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپکے پاس کلیریتھرومائسن کورس ختم کرنے کیلئے وافر مقدار میں موجود ہو۔ اگر ضروری ہو تو اپنی فارمیسی کو کم سے کم دو دن پہلے کال کریں۔ اس سے پہلے کے آپکے بچے کی دوا ختم ہو جائے۔

کلیریتھرومائسن کی گولیوں اور مائع کو کمرے کے درجہ حرارت میں ٹھنڈی اور خشک جگہ پر اور سورج کی روشنی سے دور رکھیں۔ اسکو غسل خانے یا باورچی خانے میں مت رکھیں۔

ایسی ادویات مت رکھیں جن کی میعاد ختم ہو چکی ہو۔ متروک اور فالتو ادویات کو ضائع کرنے کے بہتریں طریقے کے بارے میں جاننے کے لئے اپنے دوا ساز سے بات کریں۔

کلیریتھرومائسن کو بچوں کی نظر اور پہنچ سے دور رکھیں اور اسے کسی محفوظ جگہ پر رکھیں۔ اگر آپکا بچہ بہت ذیادہ مقدار میں کلیریتھرومائسن استعمال کر لے تو اونٹاریو پوائزن سنٹر کے ان میں سے کسی ایک نمبر پر کال کریں۔ یہ کالیں مفت ہیں۔

  • اگر آپ ٹورونٹو میں ہیں تو 5900-813-416 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو میں کسی اور جگہ پر رہتے ہیں تو 9017-268-800-1 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو سے باہر رہتے ہیں تو اپنے لوکل پوائزن انفارمیشن سنٹر میں کال کریں۔

دست برداری: اس فیملی مڈ ایڈ میں مہیا کی گئی معلومات پرنٹنگ کے وقت درست تھیں۔ یہ پرچہ کلیریتھرومائسن کی معلومات کا خلاصہ مہیا کرتا ہے اور اس میں دوا کے بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں۔ اس دوا کے تمام ضمنی اثرات کا نہیں بتایا گیا۔ اگر آپکا کوئی سوال ہے یا آپکو کلیریتھرومائسن کے بارے میں مزید معلومات درکار ہوں تو اپنے قریبی ہیلتھ کئیر مہیا کرنے والے سے رابطہ کریں۔

Last updated: marzo 25 2008