میتھوٹریکسیٹ

Methotrexate [ Urdu ]

PDF download is not available for Arabic and Urdu languages at this time. Please use the browser print function instead

آپکے بچے کو میتھوٹریکسیٹ نامی دوا لینے کی ضرورت ہوگی۔ یہ معلوماتی پرچہ آپکو اس بات کی وضاحت کرے گا کہ میتھوٹریکسیٹ کیا کرتی ہے، اسکو کس طرح دیا جاتا ہے اور اسکو لینے کے بعد آپکے بچے کو کس طرح کے مسائل اور ضمنی اثرات پیش آئیں گے۔

یہ دوا کیا ہے؟

میتھوٹریکسیٹ ایک ایسی دوا ہے جسکا استعمال کینسر سے بچاو کے لئے کیا جاتا ہے لیکن اسکا استعمال غیر کینسری کیفیات میں بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ خلیوں کو ٹوٹ کر نئے خلیے بننے کی وجہ بننے سے روکتی ہے۔ میتھوٹریکسیٹ کا استعمال بون میرو یا سٹیم سیل ٹرانسپلانٹ کے دوران ہونے والی بیماری گرافٹ ورسس سے بچاو اور تحجّر المفاصل اور چنبل کے علاج کے دوران کیا جا سکتا ہے۔

آپ نے میتھوٹریکسیٹ کو ایم ٹی ایکس کے نام سے سنا ہوگا۔ میتھوٹریکسیٹ گولی اور انجیکشن کی اشکال میں آتی ہے۔

اپنے بچے کو یہ دوا دینے سے پہلے

اگر آپکے بچے کے جسم نے کبھی بھی میتھوٹریکسیٹ یا کسی اور دوا، کھانا، یا کھانے کی چیزوں کو محفوظ کرنے والے یا رنگ والے اجزاء پر بُرا ردعمل دکھایا ہو تو اپنے ڈاکٹر کو بتائیں۔

اگر آپکے بچے کی ان میں سے کوئی بھی کیفیت ہو تو اپنے بچے کے ڈاکٹر یا دواساز سے بات کریں۔ اگر ان میں سے آپکے بچے کو کچھ بھی ہو تو اس دوا کے بارے میں احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنا پڑ سکتا ہے۔

  • انفیکشن یا تازہ انفیکشن کا ظہور مثلاً لاکڑاکاکڑا
  • جگر کی یا گردے کی بیماری
  • معدے یا انتریوں کی بیماریاں
  • منہ کا دکھنا
  • خون کی کمی ہونا

آپکو اپنے بچے کو یہ دوا کس طرح دینی چاہیے؟

میتھوٹریکسیٹ ایک صاف پیلے رنگ کا مائع ہوتا ہے جسکو عموماً انجیکشن کے زریعے ناڑ یا ریڑھ کی ہڈی میں لگایا جاتا ہے۔ آپکے بچے کو میتھوٹریکسیٹ کا انجیکشن ہسپتال کے کلینک یا پھر نرسنگ یونٹ میں لگایا جائے گا۔

میتھوٹریکسیٹ منہ کے زریعے نگلنے والی گولی کی صورت میں بھی آتا ہے۔ اپنے بچے کو میتھوٹریکسیٹ کی گولیاں دیتے وقت ان ہدایات پر عمل کریں:

  • اپنے بچے کو میتھوٹریکسیٹ بالکل اسی طرح دیتے رہیں جس طرح آپکا ڈاکٹر یا دواساز کہے۔ اپنے دواساز سے پوچھے بغیر خوراک میں تبدیلی مت کریں۔ کسی بھی وجہ سے اس دوا کا استعمال روکنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر یا دواساز سے بات کریں۔
  • اپنے بچے کو میتھوٹریکسیٹ ہر روز ایک ہی وقت پر دیں۔
  • آپکے بچے کو دواساز کی تجویز شدہ تمام گولیاں ایک ہی وقت میں لینی چاہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپکا ڈاکٹر ایک دن میں ایک سے ذیادہ گولیاں لینے کو کہے تو آپکے بچے کو چاہیے کہ تمام گولیاں ہر روز ایک ہی وقت پر لے۔
  • آپکے بچے کو میتھوٹریکسیٹ خالی پیٹ لینی چاہیے (کھانے سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے یا دو گھنٹہ بعد)۔
  • اگر آپکا بچہ گولی کو ثابت نگلنے سے قاصر ہو تو اس کے حل کے لئے اپنے دواساز سے بات کریں۔
  • اگر آپکا بچہ ادویات لینے کے کچھ دیر بعد الٹی کر دیتا ہو تو آپکا ڈاکٹر، نرس یا دوا ساز اس بات کا انداذہ لگائیں گے کہ آپکو اس بارے میں کیا کرنا چاہیے۔

اگر آپکے بچے کی خوراک چھوٹ جائے تو آپکو کیا کرنا چاہیے؟

  • یاد آنے پر جلد سے جلد اپنے بچے کو چُھوٹی ہوئی خوراک دیں۔
  • اگر اگلی خوراک کا وقت ہونے والا ہو تو چُھوٹی ہوئی خوراک کو چھوڑ کر اگلی خوراک اسکے وقت پر دیں۔
  • اپنے بچے کی چُھوٹی ہوئی خوراک کو پورا کرنے کے لئے اپنے بچے کو دو خوراکیں اکٹھی مت دیں۔
  • اگر آپکو یہ پتا نہ ہو کہ کیا کرنا چاہیے تو اپنے بچے کے ڈاکٹر یا نرس سے رابطہ کریں۔

اس دوا کے ممکن ضمنی اثرات کیا ہیں؟

ممکن ہے میتھوٹریکسیٹ کے استعمال کے دوران آپکے بچے پر اس دوا کے چند ضمنی اثرات ظاہر ہوں۔ اگر آپکے بچے کو ان ضمنی اثرات میں سے کوئی سے بھی اثرات محسوس ہوں اور یہ ختم نہ ہوں اور آپکے بچے کے لئے پریشانی کا بائث بنیں تو اپنے بچے کا اپنے ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔

  • متلی یا الٹیاں
  • بالوں کا گرنا
  • ہلکے جلد کے ریش
  • منہ کا دکھنا
  • ہلکا سردرد

اگر آپ اپنے بچے میں یہ ضمنی اثرات دیکھیں تو اپنے ڈاکٹر سے دفتری اوقات میں رابطہ کریں۔

  • غیر معمولی تھکاوٹ یا کمزوری
  • آنکھوں یا جلد کی پیلاہٹ
  • پیٹھ کے پیچھے یا پہلو میں درد
  • پاوں اور ٹانگوں کے نیچے سوزش
  • جوڑوں میں درد
  • منہ میں دکھنا جوکہ کھانے اور پینے میں مشکلات پیدا کرے

دیے گئے ضمنی اثرات عام نہیں ہیں مگر یہ کسی سنجیدہ بیماری کی نشاندہی ہو سکتے ہیں۔ اگر آپکے بچے کو ان میں سے کوئی بھی ضمنی اثرات ہوں تو فوراً اپنے بچے کے ڈاکٹر کو بلائیں یا پھراسے ایمرجنسی میں لے کر جائیں۔

  • بخار یا سردی
  • کھانسی یا حلق کا دکھنا
  • پیشاب کرنے کے دوران درد یا تیزابیت
  • شدید سردرد
  • جلد کے ریش جوکہ سارے جسم پر پھیلے ہوئے ہوں اور درد اور پیپ بہنے کا بائث بنیں
  • پیشاب، پاخانے اور الٹی میں خون کا آنا
  • کالے اور لیس دار پاخانے
  • غیر معمولی خون بہنا یا خارش
  • سینے میں درد یا سانس لینے میں مشکلات

دَرون صَری کے انجیکشن کے زریعے لی گئی میتھوٹریکسیٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والے ضمنی اثرات بھی سنجیدہ ہو سکتے ہیں اور یہ اس کیلئے فوراً طبی توجہ کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اگر آپکے بچے کو ان میں سے کوئی بھی ضمنی اثرات ہوں تو فوراً اپنے بچے کے ڈاکٹر کو بلائیں یا پھر اسے ایمرجنسی میں لے کر جائیں۔

  • ناک کا بہنا
  • دورے
  • جسم کے اعضاء کو حرکت دینے پر یا جسم کی ایک طرف درد ہونا
  • غیر واضع گفتگو
  • درجہ ہوش میں تبدیلی

جب آپکا بچہ اس دوا کا استعمال کر رہا ہو تو آپکو کیا حفاظتی اقدامات کرنے چاہیں؟

جب میتھوٹریکسیٹ کی وقفوں کے ساتھ بڑی خوراکیں دی جائیں گی تو وقفوں کے ساتھ ہی کچھ زائد مائع اور ادویات دی جائیں گی تاکہ میتھوٹریکسیٹ کے ضمنی اثرات کو کم کیا جا سکے۔

میتھوٹریکسیٹ کی بڑی خوراکیں دینے کے ساتھ آُپکے بچے کو معدے کی خرابی اور الٹیوں سے بچنے کی ادویات بھی دی جائیں گی۔ منہ کے ذریعے دی جانے والی چھوٹی خوراکیں عام طور پر معدے کی خرابی کا بائث نہیں بنتیں۔

اس دوا کے استعمال کے دوران آپکے بچے کا ڈاکٹر یہ چاہے گا کہ آپکا بچہ ذیادہ سے ذیادہ پینے والے مادے کا استعمال کرے تاکہ اسکو ذیادہ سے ذیادہ پیشاب آئے۔ یہ گردے کی بیماریوں سے بچاو میں مدد کرتا ہے۔

ممکن ہے اس دوا کے دوران آپکے بچے کے بال گرنا شروع ہو جائیں۔ میتھوٹریکسیٹ کا استعمال چھوڑتے ساتھ ہی آپکے بچے کے بال واپس آنا شروع ہو جائیں گے۔ لیکن اسکے رنگ اور بناوٹ میں تبدیلی آسکتی ہے۔ اچھے شیمپو اور نرم برش کا استعمال کریں۔

میتھوٹریکسیٹ کا استعمال کرتے وقت ممکن ہے آپکے بچے کی جلد خاص کر کہنیوں، گھٹنوں اور جلد کے اشکان سیاہ ہونا شروع ہو جائیں ۔ اگر ایسا ہو جائے تو میتھوٹریکسیٹ کا استعمال چھوڑنے کے بعد یہ خودبخود ختم ہونا شروع ہو جائے گا۔

میتھوٹریکسیٹ کے استعمال کے دوران اور اسکے کئی مہینوں کے بعد تک آپکے بچے کی سورج سے حساسیت ذیادہ ہو جائے گی۔ آپکے بچے کی جلد کے معمول کی نسبت جلنے کے ذیادہ امکانات ہوں گے۔ دھوپ جلن سے بچنے کے لئے آپکے بچے کو چاہیے کہ باہر نکلتے وقت ڈھانپنے والے کپڑے اور سن سکرین کا استعمال کرے۔

میتھوٹریکسیٹ منہ کے دکھنے کا بائث بن سکتی ہے۔ بچے کے منہ کو صاف رکھنے کے لئے بیکنگ سوڈا سے بنے ماوتھ واش کا استعمال کریں۔ آپکی نرس یا دواساز آپ سے اس پر نظرثانی کر سکتے ہیں۔ سٹور سے خریدے گئے ماوتھ واش سے گریز کریں کیونکہ یہ ٹیس پیدا کرنے اور منہ کو خشک رکھنے کا بائث بن سکتا ہے۔

میتھوٹریکسیٹ وقتی طور پر آپکے بچے کے خون میں سفید خلیوں کی کمی کا بائث بن سکتی ہے جوکہ آپکے بچے کے انفیکشن پکڑنے کے امکانات بڑھا دیتی ہے۔

آپکا بچہ انفیکشن سے بچنے کے لئے ان احتیاطی تدابیر کا خیال رکھ سکتا ہے، خاص کر اس جب اسکو خون کی کمی ہو:

  • ایسے افراد سے گریز کریں جنکو سردی یا بخار ہو۔
  • پرہجوم جگہوں یا ایسی جگہوں پر جہاں بہت ذیادہ عوام ہو، پر جانے سے گریز کریں۔
  • اپنے بچے کے دانت برش یا صاف کرتے وقت احتیاط کیجیے۔ ممکن ہے آپکا ڈاکٹر، دواساز یا نرس آپکو بچے کے دانت اور منہ کو صاف کرنے کے مختلف طریقے بتائیں۔
  • آپکو اور آپکے بچے کو آنکھوں اور ناک کو ہاتھ دھوئے بغیر نہیں چھونا چاہیے۔
  • بخار کی صورت میں آپکی نرس اس بات پر نظرثانی کرے گی کہ کیا کرنا چاہیے۔

اپنے بچے کو ڈاکٹر کی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کی ویکسینیشن مت دیں۔ جب آپکا بچہ میتھوٹریکسیٹ استعمال کر رہا ہو تو اسکو یا کسی بھی گھر کے فرد کو منہ سے لینے والی پولیوں کی ویکسین مت لینے دیں۔ اگر آپکے گھر کے کسی بھی فرد نے حال ہی میں منہ سے لینے والی پولیوں کی ویکسین لی ہو تو اس بارے میں اپنے ڈاکٹر کو بتائیں۔ آپکے بچے کو ایسے فرد کے بالکل بھی قریب نہیں جانا چاہیے جس نے حال ہی میں یہ ویکسین لی ہو۔ ایسی ویکسین جوکہ آپکے بچے کو نہیں لینی چاہیں وہ یہ ہیں، خسرہ، کن پیڑے، خَسرَہ کاذَب اور لاکڑاکاکڑا ۔

میتھوٹریکسیٹ خون میں دَموی لوجَین کی تعداد کو کم کرسکتی ہے جو آپکے بچے کا خون بہنے کا بائث بن سکتا ہے۔ آپ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر سکتے ہیں:

  • ریزر، ناخن کاٹنے والی قینچیی اور پاوں کے ناخن کاٹنے والا کلپر استعمال کرتے وقت کٹ لگنے سے بچیں۔
  • شیو یا ویکس کرتے وقت احتیاط برتیں۔
  • ایسے کھیل جس میں رگڑ یا چوٹ کے امکانات ہوں ان سے احتیاط برتیں۔
  • آپکے بچے کو جسم پر کسی بھی قسم کے مستقل نقوش لگوانے یا کسی بھی قسم کے جلد گودنے والے کاموں سے گریز کرنا چاہیے۔

حاملہ ہونے کے عمل یا دورانِ حمل میتھوٹریکسیٹ کا استعمال پیدائشی نقاص پیدا کرنے کے امکانات پیدا کر سکتا ہے۔ اگر آپکی بچی جنسی طور پر مکمل تیار ہو تو اسکو میتھوٹریکسیٹ کے استعمال کے دوران پیدائش روکنے والی ادویات دیں۔ اگر آپکی بچی حاملہ ہو تو اپنے ڈاکٹر کو فوراً بتائیں۔

میتھوٹریکسیٹ دوسری ادویات کے ساتھ تعامل پیدا کر سکتی ہے خاص کر اگر اسکو ذیادہ خوراک کے ساتھ دیا جائے۔ مثال کے طور پر یہ ادویات جسم میں میتھوٹریکسیٹ کی سطح کو ذیادہ کر سکتی ہیں:

  • کچھ اینٹی بائیوٹک ادویات بشمول پینسیلن، سیفالوسپورین اور کیٹریموکسازول جسے سیپرا بھی کہا جاتا ہے۔
  • مرگی کی مختلف ادویات مثلاً فینیٹوائن
  • ایپیرین یا نون سٹیروئیڈل اینٹی انفلیمیٹری ادویات مثلاً ابروفن، ناپروکسن

اگر آپکے بچے نے میتھوٹریکسیٹ لینی ہو تو آپکا ڈاکٹر آپکو میتھوٹریکسیٹ کی خوراک لینے کے بعد تک دوسری ادویات لینے سے روک سکتا ہے۔ آپ اپنے ڈاکٹر سے اس بارے میں پوچھ سکتے ہیں کہ ان ادویات کا استعمال دوبارہ شروع کرنا محفوظ ہے یا نہیں۔

ایسے ملٹی وٹامن ادویات جن میں فولک ایسڈ ہو وہ آپکی ادویات کی کارکردگی متاثر کر سکتی ہیں۔ اپنے بچے کو کوئی بھی دوسری دوا (تجویزشدہ، غیر تجویز شدہ، جڑی بوٹیوں والی یا قدرتی مصنوعات) دینے سے پہلے اپنے ڈاکٹر یا دوا ساز کو دکھائیں۔

اپنے ڈاکٹر سے اسکے کلینک یا آفس میں ملاقاتیں مقرر کرکے رکھیں تاکہ آپکا ڈاکٹر بچے پر میتھوٹریکسیٹ کا ردِعمل دیکھ سکیں۔ آپکے ڈاکٹر کو وقت کے ساتھ ساتھ آپکے بچے کی خوراک میں تبدیلی کرنی پڑ سکتی ہے۔

آپکا ڈاکٹر میتھوٹریکسیٹ کے استعمال کے دوران جگر، گردے یا خون کے مسائل دیکھنے کے لئے مختلف ٹیسٹ کروانے کا کہہ سکتا ہے۔

اپنے بچے کا کسی بھی قسم کا آپریشن، دانتوں کا علاج یا ہنگامی علاج کرواتے وقت اپنے ڈاکٹر ا ڈینٹسٹ کو بتائیں کہ آپکا بچہ میتھوٹریکسیٹ لے رہا ہے۔

آپکو کونسی ضروری معلومات ہونی چاہیں؟

ان تمام ادویات کی لسٹ بنائیں جو آپکا بچہ لے رہا ہو اور اسکو اپنے ڈاکٹر یا دواساز کو دکھائیں۔

اپنے بچے کی ادویات کسی دوسرے کے ساتھ مت بانٹیں۔ کسی دوسرے کی ادویات اپنے بچے کو مت دیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپکے پاس میتھوٹریکسیٹ ہفتے کے آخر میں اور چھٹیوں کے دوران وافر مقدار میں موجود ہو۔ اپنی فارمیسی کو کم سے کم دو دن پہلے کال کریں، اس سے پہلے کے آپکے بچے کی دوا ختم ہو جائے۔ تمام دواساز میتھوٹریکسیٹ کی گولیاں نہیں رکھتے۔

میتھوٹریکسیٹ کو کمرے کے درجہ حرارت میں ٹھنڈی اور خشک جگہ پر اور سورج کی روشنی سے دور رکھیں۔ اسکو غسل خانے یا باورچی خانے میں مت رکھیں۔

ایسی ادویات مت رکھیں جن کی میعاد ختم ہو چکی ہو۔ متروک اور فالتو ادویات کو ضائع کرنے کے بہتریں طریقے کے بارے میں جاننے کے لئے اپنے دوا ساز سے بات کریں۔

میتھوٹریکسیٹ کو بچوں کی نظر اور پہنچ سے دور رکھیں اور اسے کسی محفوظ جگہ پر رکھیں۔ اگر آپکا بچہ بہت ذیادہ مقدار میں میتھوٹریکسیٹ استعمال کر لے تو اونٹاریو پوائزن سنٹر کے ان میں سے کسی ایک نمبر پر کال کریں۔ یہ کالیں مفت ہیں۔

  • اگر آپ ٹورونٹو میں ہیں تو 5900-813-416 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو میں کسی اور جگہ پر رہتے ہیں تو 9017-268-800-1 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو سے باہر رہتے ہیں تو اپنے لوکل پوائزن انفارمیشن سنٹر میں کال کریں۔

دست برداری: اس فیملی مڈ ایڈ میں مہیا کی گئی معلومات پرنٹنگ کے وقت درست تھیں۔ یہ کتابچہ میتھوٹریکسیٹ کی معلومات کا خلاصہ مہیا کرتا ہے اور اس میں دوا کے بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں۔ اس دوا کے تمام ضمنی اثرات کا نہیں بتایا گیا۔ اگر آپکا کوئی سوال ہے یا آپکو میتھوٹریکسیٹ کے بارے میں مزید معلومات درکار ہوں تو اپنے قریبی ہیلتھ کئیر مہیا کرنے والے سے رابطہ کریں۔

Last updated: agosto 13 2009