آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو ہائیڈروآکسی یوریا نامی دوا لینے کی ضرورت ہے۔ یہ معلوماتی صفحہ وضاحت کرتا ہے کہ ہائیڈروآکسی یوریا کیا کرتا ہے اور یہ آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو کس طرح دیا جاتا ہے۔ یہ بھی وضاحت کرتا ہے کہ جب آپ کا بچہ/ آپ کی بچی اس دوا کو لیتی/لیتا ہے تو اس کے کیا ضمنی اثرات ، یا مسائل ہوسکتے ہیں۔
ہائیڈروآکسی یوریاہائیڈروکسیوریا کیا ہے؟
ہائیڈروآکسی یوریا کیموتھراپی کی ایک دوا ہے جو درانتی نما خلیہ (sickle cell) کی بیماری سمیت بہت سے عوارض کے علاج کے لیے استعمال کی گئی ہے۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ درانتی نما خلیہ (sickle cell) کی بیماری کے مریض جو ہائیڈروآکسی یوریا لیتے ہیں:
- تکلیف دہ حالات کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہونے والے ان مریضوں کے مقابلے میں جو ہائیڈروآکسی یوریا نہیں لیتے، نصف مرتبہ داخل ہوتے ہیں۔
- ان کے سینے کے شدید مسائل کم ہوتے ہیں
- اگر انہیں ہسپتال میں داخل کیا جاتا ہے تو خون کی منتقلی کی ضرورت کم پڑتی ہے
آپ ہائڈروآکسی یوریا کو اس کے برانڈ نام، ہائیڈریا سے پکارا جاتے ہوئے سن سکتے ہیں۔ ہائیڈروآکسی یوریا کیپسول کی شکل میں آتا ہے۔
آپ کے بچے کو ہائیڈروآکسی یوریا دیا جا سکتا ہے اگر
- اسے گزشتہ 12 مہینوں میں نمایاں تکلیف دہ حالاات کے لیے ہسپتال میں تین یا اس سے زیادہ مرتبہ داخل کیا گیا ہے
- اسے سینے کے شدید مسائل کے ایک یا زیادہ حالات کے لیے ایک یا ایک سے زیادہ مرتبہ خون کی منتقلی کی ضرورت پڑی ہے
- وہ تکلیف دہ حالات کے لیے گھر پر موجود انتظام کی وجہ سے اسکول یا کام سے کافی وقت دور رہی/ رہا ہے
آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو ہائیڈروآکسی یوریا دینے سے پہلے
اپنے بچے/ اپنی بچی کے ڈاکٹر کو بتائیں اگر آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو ہائیڈروآکسی یوریا یا اس کے کسی تشکیلی جزو سے الرجی کا رد عمل ہوا ہے یا اگر آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو کوئی مدافعتی یا خون کی خرابی کا مسلۂ ہے (درانتی نما خلیہ (sickle cell) کی بیماری کے علاوہ)۔
اگر آپ کے بچے/ آپ کی بچی کی مندرجہ ذیل میں سے کوئی بھی کیفیت ہے تو اپنے بچے / اپنی بچی کے ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے بات کریں۔ آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو ان ادویات کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہوسکتی ہے اگر اسے:
- جگر کی بیماری ہے
- گردے کی بیماری ہے
- حمل سے ہے
آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو ہائیڈروآکسی یوریا کیسے دیا جاتا ہے؟
- اپنے بچے/ اپنی بچی کو ہائیڈروآکسی یوریا بالکل ویسے ہی دیں جیسا آپ کا ڈاکٹر یا آپ کا فارماسسٹ آپ کو ہدایت کرتا ہے۔ کسی بھی وجہ سے یہ دوا دینا بند کرنے سے پہلے اپنی بچی/ اپنے بچے کے ڈاکٹر سے بات کریں۔ اس دوا کا مکمل اثر نظر آنے میں چند ماہ لگ سکتے ہیں۔
- آپ کے بچے/ آپ کی بچی کے لیے دوا کی خوراک کی صحیح مقددار کا پتا لگانے کے لیے اس دوا کو شروع کرتے وقت ہر دو ماہ میں خون کی جانچ کی جاسکتی ہے۔
- اپنے بچے/ اپنی بچی کو دن میں ایک بار ہائیڈروآکسی یوریا دیں، تقریبا ہر دن اسی وقت پر۔ بہت سے مریض اسے سوتے وقت لینے کو ترجیح دیتے ہیں۔
- آپ کھانے کے ساتھ یا اس کے بغیر ہائیڈروآکسی یوریا دے سکتے ہیں۔ اسے کھانے کے ساتھ دینے سے پیٹ کی خرابی کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔
- آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو ہر روز پینے کا بہت سا مواد (پینے کی اشیاء) لینا چاہیے۔
- اگر آپ کا بچہ/ آپ کی بچی ہائیڈروآکسی یوریا لینے کے آدھے گھنٹے سے بھی کم وقت میں الٹی (قے) کرتا/ کرتی ہے تو، دوا کی ایک اور خوراک دیں۔ اگر آپ کا بچہ/ آپ کی بچی ہائیڈروآکسی یوریا لینے کے بعد آدھے گھنٹے سے زیادہ قے کرتا/کرتی ہے تو، دوسری خوراک نہ دیں۔ اگلی خوراک اگلے دن معمول کے وقت پر دیں۔
- ہائڈروآکسی یوریا کینیڈا میں 500 ملی گرام کیپسول کی شکل میں فراہم کیا جاتا ہے۔ آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو کیپسول ایک گلاس پانی یا دوسرے مشروب کے ساتھ مکمل نگلنا چاہیے۔
- اگر آپ کا بچہ/ آپ کی بچی کیپسول نگلنے کے قابل نہیں ہے یا ایک ایسی خوراک لے رہا/رہی ہے جو پورے کیپسول سے کم ہے تو، فارماسسٹ کے ساتھ ہائیڈروآکسی یوریا دینے کے بہترین طریقے کا جائزہ لیں۔ مقررہ خوراک دینے کے لیے کیپسول کو دوا کی سرنج میں کھولا اور تحلیل کیا جاسکتا ہے۔ بچ جانے والی دوا کو پھینک دیں۔
- فارماسسٹ آپ کو سکھائے گا کہ ہائیڈروآکسی یوریا کو محفوظ طریقے سے کیسے استعمال کیا جائے، بشمول کیپسول سے پاؤڈر ملاتے وقت دستانے کا استعمال کرنا۔ فارماسسٹ آپ کو یہ بھی سکھائے گا کہ دوا کو محفوظ طریقے سے کیسے پھینکنا ہے۔
- ہائیڈروآکسی یوریا دینے والے ہر شخص کو بوتل یا کیپسول کو چھونے سے پہلے اور بعد میں اپنے ہاتھ دھونے چاہئیں۔ ہائیڈروآکسی یوریا کو محفوظ طریقے سے دینے اور محفوظ کرنے کے بارے میں مزید تفصیلی ہدایات کے لیے Chemotherapy at home: Safely giving your child capsules ملاحظہ کریں۔
اگر آپ کے بچے/ آپ کی بچی سے ہائیڈروآکسی یوریا کی خوراک رہ جائے تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟
- اگر کوئی خوراک چھوٹ جاتی ہے تو کمی پوری کرنے والی خوراک نہ دیں۔
ہائیڈروآکسی یوریا کو کام کرنے میں کتنا وقت لگتا ہے؟
خون کی جانچ میں تبدیلیاں نظر آنے میں کچھ مہینے لگ سکتے ہیں۔
ہائیڈروآکسی یوریا کے ممکنہ ضمنی اثرات کیا ہیں اور ان کی نگرانی کیسے کی جاتی ہے؟
جب آپ کا بچہ/ آپ کی بچی ہائیڈروآکسی یوریا لیتا/ لیتی ہے تو اس میں کچھ ضمنی اثرات پیدا ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ کے بچے/ آپ کی بچی کے ذیل میں سے کوئی بھی ضمنی اثرات ہیں اور وہ دور نہیں ہوتے ہیں، یا وہ آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو پریشان کرتے ہیں تو اپنے بچے/بچی کے ڈاکٹر کو بتائیں:
- متلی اور قے: خالی پیٹ ہائیڈروآکسی یوریا لینے سے گریز کریں۔
- جلد کے دانے/ددورے: یہ ایک غیر مخصوص دانا/ددورا ہوسکتا ہے جو دوا جاری رکھنے کے بعد دور ہوجاتا ہے۔ اگر دانے/ددورے پیدا ہوتے ہیں تو اس ڈاکٹر سے ملیں جس نے آپ کے بچے کو ہائیڈروآکسی یوریا تجویز کیا تھا۔
- بالوں کا گرنا: بالوں کا پتلا ہونا ممکن ہے۔ بالوں کے گرنے سے عام طور پر جگہ جگہ گنجا پن نہیں ہوتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو، دوا کے مسلسل استعمال کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے ہائیڈروآکسی یوریا (بہتر صحت اور کم اقساط) لینے کے خطرے اور فوائد پر اپنے بچے کے ڈاکٹر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جانا چاہیے۔
- خون کے جسیموں میں کچھ کمی: آپ کے بچے کو علاج کے پہلے سال کے لیے ہر دو ماہ میں خون کی جسیمہ شماری کی جانچ کرنے کے لیے خون کا ٹیسٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ٹیسٹ مقامی لیبارٹری میں کیے جاسکتے ہیں اور نتائج آپ کے بچے کے ڈاکٹر کو بھیجے جاتے ہیں۔ اگر گنتی پہلے سے طے شدہ قابل قبول سطح سے کم ہے تو، آپ کو دوا روکنے اور سات دنوں میں خون کا ٹیسٹ دوبارہ کروانے کے لیے بلایا جائے گا۔ جسیموں کی تعداد عام طور پر ٹھیک ہوجاتی ہے اور دوا کو تجویز کردہ معمول کے مطابق جاری رکھا جاسکتا ہے۔ اگر سفید خلیوں کی جسیمہ شماری میں دوبارہ کمی ہوتی ہے تو، دوا کی خوراک اس حد تک کم ہوجائے گی جس پر آپ کا بچہ جسیمہ شماری میں کمی شروع ہونے سے پہلے تھا۔ آپ کا بچہ/بچی دوا کی یہ کم خوراک لیتا رہے گا/ لیتی رہے گی۔
- جلد اور ناخنوں کا سیاہ ہونا: کچھ مدت تک ہائیڈروآکسی یوریا لینے کے بعد کچھ مریضوں کے ناخنوں اور جلد جیسے انگلیوں کے جوڑوں پر سیاہی پیدا ہو جاتی ہے۔ جب دوا استعمال میں نہیں ہوتی تو یہ اثر ختم ہوجاتا ہے۔
- جگر کی خرابی (مسائل): یہ غیر معمولی ہے، لیکن اس پیچیدگی کا اندازہ کرنے کے لیے ہر تین ماہ بعد خون کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
- سر درد۔
- پٹھوں کی کمزوری، زیادہ تر ران اور اوپری بازوؤں میں۔
- منہ میں جلن یا زخم: نرم ٹوتھ برش کا استعمال اور منہ دھونے سے مدد مل سکتی ہے۔
- طویل مدتی اثرات: ہائیڈروآکسی یوریا ایک کیموتھراپی دوا ہے، اور ان میں سے کچھ قسم کی ادویات کئی سالوں سے مریضوں میں کینسر کے بڑھنے کے ساتھ منسلک ہیں۔ لیکن درانتی نما خلیہ (sickle cell) بیماری کے مریضوں میں ہائیڈروآکسی یوریا کے 20 سال سے زیادہ استعمال میں، اس دوا سے کینسر پیدا کرنے کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
جب آپ کا بچہ/ آپ کی بچی ہائیڈروآکسی یوریا استعمال کر رہا/کر رہی ہو تو کیا حفاظتی اقدامات کیے جانے چاہئیں؟
ہائیڈروآکسی یوریا عارضی طور پر آپ کے بچے/ آپ کی بچی کے خون کے جسیموں کی تعداد کو کم کرسکتا ہے، جس سے انہیں انفیکشن ہونے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ انفیکشن کو روکنے کے لیے، آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو انفیکشن ہو جانے والے لوگوں سے بچنا چاہیے، جیسے سردی یا فلو، خاص طور پر جب ان کے خون کے جسیموں کا شمار کم ہو۔
اس بات کا امکان ہے کہ اگر ہائیڈروآکسی یوریا کو حمل کے وقت لیا جائے یا حمل کے دوران لیا جائے تو یہ پیدائشی نقائص کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر آپ ایک نوجوان خاتون ہیں جو جنسی طور پر فعال ہیں تو، آپ کو ہائیڈروآکسی یوریا لیتے وقت کسی قسم کے مانع حمل کا استعمال کرنا چاہیے۔ اگر آپ ہائیڈروآکسی یوریا لیتے وقت حاملہ ہو جاتی ہیں تو، آپ کو اسے فوری طور پر لینا بند کرنا چاہیے اور اپنے ڈاکٹر کو بتانا چاہیے۔
آپ کو حاملہ ہونے کی کوشش کرنے سے پہلے کم از کم تین ماہ کے لیے ہائیڈروآکسی یوریا لینا بند کرنا چاہیے۔ ہائیڈروآکسی یوریا سپرم (نطفہ) کی تعداد کو بھی کم کرسکتا ہے۔
اگر آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو ایچ آئی وی (HIV) ہے اور وہ اس حالت کے لیے دوا لے رہا/لے رہی ہے، خاص طور پر ڈیڈانوسائن (didanosine) اور / یا اسٹیوڈائن (stavudine)، تو اپنے بچے/ اپنی بچی کے ڈاکٹر سے بات کریں۔
یہ ایک مکمل فہرست نہیں ہے۔ اپنے بچے/ اپنی بچی کو کوئی دوسری ادویات (نسخہ جاتی، غیر نسخہ جاتی، جڑی بوٹیوں، یا قدرتی مصنوعات) دینے سے پہلے اپنے بچے/ اپنی بچی کے ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے بات کریں۔
والدین یا دیکھ بھال کنندہ کی حیثیت سے، خطرناک ادویات کو سنبھالنے سے نقصان کا خطرہ کم ہے، تاہم، انہیں کم سے کم سامنے رکھنے یا ان سے گریز کرنا ایک اچھا خیال ہے۔ اس میں اپنے بچے کی دوا کا ذائقہ نہ چکھنا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، اگر آپ حاملہ ہیں یا دودھ پلا رہی ہیں، تو خطرناک ادویات کے رابطے سے بچنا بہتر ہے۔ اگر ممکن ہو تو، اپنے بچے/ اپنی بچی کو دوا دینے کا کسی اور سے کہیں۔
خطرناک ادویات صحت مند خلیات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ خطرناک ادویات کو سنبھالنے والے کسی بھی شخص کو خود کو بھی محفوظ رکھنا چاہیے۔ آپ اپنے بچے/ اپنی بچی کی دوا کو سنبھالتے وقت دستانے اور ماسک پہننے پر غور کر سکتی/ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اپنے بچے/ اپنی بچی کی دوا تیار کرنے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے دھوئیں۔
ہائیڈروآکسی یوریا کے بارے میں آپ کو اور کون سی اہم معلومات جاننا چاہیے؟
- دوا ہر روز لینی پڑتی ہے، نہ کہ صرف اس وقت جب تکلیف شروع ہوتی ہے۔ یہ فوری دورانیہ میں درد کو دور نہیں کرے گی۔ یہ خون کے ان خلیوں میں تبدیلیاں کرکے کام کرتی ہے جو درد کے دوروں کو روکتے ہیں۔ یہ بیماری کو کم کرتی ہے، سرخ خلیات کے ٹوٹنے کو کم کرتی ہے، اور حفاظتی جنین ہیموگلوبن میں اضافہ کرتی ہے۔
- ایک ماہ کے دورانیہ میں، سرخ خون کے خلیات بڑے ہوتے ہیں۔ اسے جانچ پڑتال اور مائیکرواسکوپ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ سرخ خلیات چھوٹی خون کی شریانوں کے ذریعے زیادہ آسانی سے حرکت کرنے اور کم آسانی سے ٹوٹنے کے قابل ہوتے ہیں۔ والدین اکثر رپورٹ کرتے ہیں کہ ان کے بچے کی بھوک بڑھ گئی ہے۔
- دوا لینے کے تین ماہ تک، جنین ہیموگلوبن اور مجموعی طور پر ہیموگلوبن کی سطح میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ جنین ہیموگلوبن کی بڑھی ہوئی سطح والے مریضوں میں درد کے کم واقعات ہوتے ہیں۔
- دوا لینے کے چھ ماہ تک، آپ کے بچے/ آپ کی بچی کو علاج شروع کرنے سے پہلے کے چھ ماہ کے مقابلے میں کم تکلیف دہ درد کا سامنا کرنا چاہیے۔
- ایک مریض کتنی دیر تک دوا لینا جاری رکھے گا یہ ان کے اور علاج کرنے والے معالج کے درمیان کا فیصلہ ہوگا۔
- ہائڈروآکسی یوریا تمام نجی انشورنس منصوبوں اور آنٹیریو ڈرگ بینیفٹ پلان کے احاطہ میں آتا ہے۔
- اپنے بچے کی دوا کا اشتراک دوسروں کے ساتھ نہ کریں۔ اپنے بچے کو کسی اور کی دوا نہ دیں۔
- اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس ہمیشہ ویک اینڈ، تعطیلات اور تعطیلات کے دوران کے لیے کافی ہائیڈروآکسی یوریا موجود ہے۔ اپنے بچے کی دوا ختم ہونے سے کم از کم دو دن پہلے اپنی فارمیسی کو مزید دوا منگوانے کا آرڈر دینے کے لیے کال کریں۔
- ہائیڈروآکسی یوریا کو سورج کی روشنی سے دور ٹھنڈی، خشک جگہ پر کمرے کے درجہ حرارت پر رکھیں۔ اسے باتھ روم یا باورچی خانے میں نہ رکھیں۔
- کوئی بھی ایسی دوائی نہ رکھیں جو پرانی ہو گئی ہو۔ اپنے فارماسسٹ سے پرانی یا بچ جانے والی ادویات کو پھینکنے کے بہترین طریقے کے بارے میں بات کریں۔.
دوا کی مقدار زیادہ ہو جانے کے حوالے سے معلومات
ہائیڈروآکسی یوریا کو اپنے بچے/ اپنی بچی کی نظروں اور پہنچ سے دور رکھیں اور محفوظ جگہ پر بند کریں۔ اگر آپ کا بچہ/ آپ کی بچی بہت زیادہ ہائیڈروآکسی یوریا لیتا/ لیتی ہے تو، ان نمبروں میں سے کسی ایک پر اپنے مقامی مرکز براۓ معلومات زہر (Poison Information Centre) کو کال کریں۔ یہ کالز مفت ہیں۔
- کیوبیک (Quebec) کے علاوہ کینیڈا میں کہیں سے بھی 1-844 POISON-X، یا 1-844-764-7669 پر کال کریں۔
- اگر آپ کیوبیک (Quebec) میں رہتی/ رہتے ہیں تو 1-800-463-5060 پر کال کریں۔
دستبرداری: اس طبی مدد براۓ گھرانہ (Family Med-aid) میں موجود معلومات اشاعت کے وقت تک درست ہیں۔ یہ ہائیڈروآکسی یوریا کے بارے میں معلومات کا خلاصہ فراہم کرتا ہے اور اس دوا کے بارے میں تمام ممکنہ معلومات پر مشتمل نہیں ہے۔ نا ہی تمام ضمنی اثرات درج ہیں۔ اگر آپ کے کوئی سوالات ہیں یا ہائیڈروآکسی یوریا کے بارے میں مزید معلومات چاہتی/ چاہتے ہیں تو، اپنے صحت کی دیکھ بھال فراہم کنندہ سے بات کریں۔