کلوکزاسلن

Cloxacillin [ Urdu ]

PDF download is not available for Arabic and Urdu languages at this time. Please use the browser print function instead

آپکے بچے کو انفیکشن کے لئے کلوکزاسلن نامی دوا لینے کی ضرورت ہوگی۔ یہ معلوماتی پرچہ آپکو اس بات کی وضاحت کرے گا کہ کلوکزاسلن کیا کرتی ہے، اسکو کس طرح دیا جاتا ہے اور اسکو لینے کے بعد آپکے بچے کو کس طرح کے مسائل اور ضمنی اثرات پیش آئیں گے۔

یہ دوا کیا ہے؟

کلوکزاسلن ایک ایسی دوا ہے جسے اینٹی بائیوٹک کہا جاتا ہے۔ اینٹی بائیوٹک کا استعمال ان جراثیم جنھیں بیکٹیریا کہتے ہیں، کی وجہ سے ہونے والی انفیکشن کے علاج اور اس سے بچاو کے لئے کیا جاتا ہے۔

کلوکزاسلن کیپسول، مائع اور انجیکشن کی شکل میں آتی ہے۔

اپنے بچے کو یہ دوا دینے سے پہلے

اگر آپکے بچے کو کلوکزاسلن یا کسی دوسری دوا سے غیر معمولی ردِعمل یا الرجی ہو تو اس بارے میں اپنے ڈاکٹر کو بتائیں۔

آپکو اپنے بچے کو یہ دوا کس طرح دینی چاہیے؟

اپنے بچے کو کلوکزاسلن دیتے وقت ان ہدایات پر عمل کریں:

  • اپنے بچے کو کلوکزاسلن روزانہ بالکل اسی طرح دیں جس طرح آپکا ڈاکٹر یا دواساز کہے۔
  • اپنے بچے کو تب تک کلوکزاسلن دیتے رہیں جب تک آپکا ڈاکٹر یا دواساز کہے، چاہے آپکا بچہ بالکل ٹھیک بھی نظر آرہا ہو۔ کسی بھی وجہ سے اس دوا کا استعمال روکنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے بات کریں۔
  • اپنے بچے کو کلوکزاسلن خالی پیٹ کھانے سے ایک گھنٹہ پہلے یا دو گھنٹے کے بعد ایک گلاس پانی کے ساتھ دیں۔
  • اگر آپکا بچہ مائع کلوکزاسلن لے رہا ہو تو اسکی خوراک دینے سے پہلے بوتل کو اچھی طرح ہلائیں۔
  • اگر آپکا بچہ مائع کلوکزاسلن لے رہا ہو تو ڈاکٹر کی دی ہوئی خاص سرنج یا چمچ سے دوا کی خوراک دیں۔

اگر آپکے بچے کی خوراک چھوٹ جائے تو آپکو کیا کرنا چاہیے؟

اگر آپکے بچے کی کلوکزاسلن کی خوراک چھوٹ جائے تو:

  • یاد آنے پر جلد سے جلد اپنے بچے کو چُھوٹی ہوئی خوراک دیں۔
  • اگر آپکو چُھوٹی ہوئی خوراک اگلی خوراک سے چار گھنٹے پہلے یاد آئے تو چُھوٹی ہوئی خوراک چھوڑ دیں۔
  • اگلی خوراک اسکے وقت پر دیں۔
  • اپنے بچے کو ایک وقت میں ایک ہی خوراک دیں۔

یہ دوا اپنا کام کرنے میں کتنا وقت لے گی؟

آپکے بچے کو کلوکزاسلن کے استعمال شروع کرنے کے دو دن کے اندر بہتر محسوس کرنا شروع کر دینا چاہیے۔

اس دوا کے ممکن ضمنی اثرات کیا ہیں؟

آپکے بچے پر کلوکزاسلن کے استعمال کے دوران اسکے چند ضمنی اثرات ظاہر ہو سکتے ہیں۔ عام طور پر ان کیلئے ڈاکٹر پر جانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ جیسے جیسے بچے کا جسم کلوکزاسلن کا عادی ہوگا یہ اثرات خودبخود ختم ہو جائیں گے۔

اگر آپکے بچے کو ان ضمنی اثرات میں سے کوئی سے بھی اثرات محسوس ہوں اور یہ ختم نہ ہوں اور آپکے بچے کے لئے پریشانی کا بائث بنیں تو اپنے بچے کا اپنے ڈاکٹر سے معائنہ کروائیں۔

  • پانی والے پاخانے یا ڈائریا
  • سردرد
  • خراب معدہ یا الٹیاں
  • اکڑی ہوئی زبان یا منہ

دیے گئے ضمنی اثرات عام نہیں ہیں مگر یہ کسی سنجیدہ بیماری کی نشاندہی ہو سکتے ہیں۔ اگر آپکے بچے کو ان میں سے کوئی بھی ضمنی اثرات ہوں تو فوراً اپنے بچے کے ڈاکٹر کو بلائیں یا پھر اسے ایمرجنسی میں لے کر جائیں۔

  • شدید جلد کے ریش،خراش یا چھَپاکی[ابھری ہوئی یا سرخ خراش والی جلد]
  • نیا بخار یا ایسا بخار جو ختم نہ ہو۔
  • شدید معدے کی درد
  • خرخراہٹ یا سانس لینے میں مشکلات

جب آپکا بچہ اس دوا کا استعمال کر رہا ہو تو آپکو کیا حفاظتی اقدامات کرنے چاہیں؟

اپنے بچے کو کوئی بھی دوسری دوا (تجویزشدہ، غیر تجویز شدہ، جڑی بوٹیوں والی یا قدرتی مصنوعات) دینے سے پہلے اپنے ڈاکٹر یا دوا ساز کو دکھائیں۔

اگر آپکا بچہ کلوکزاسلن کے استعمال کے چند دن گزرنے کے بعد بھی بہتر نہ نظر آئے اور طبیعت مزید خراب ہو تو اپنے ڈاکٹر کو دکھائیں۔

آپکو کونسی ضروری معلومات ہونی چاہیں؟

ان تمام ادویات کی لسٹ بنائیں جو آپکا بچہ لے رہا ہو اور اسکو اپنے ڈاکٹر یا دواساز کو دکھائیں۔

اپنے بچے کی ادویات کسی دوسرے کے ساتھ مت بانٹیں۔ اپنے بچے کو کسی دوسرے کی ادویات مت دیں۔

اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپکے پاس کلوکزاسلن ہفتے کے آخر میں اور چھٹیوں کے دوران وافر مقدار میں موجود ہو۔ اپنی فارمیسی کو کم سے کم دو دن پہلے کال کریں۔ اس سے پہلے کے آپکے بچے کی دوا ختم ہو جائے۔

مائع کلوکزاسلن کو فریج میں رکھیں۔ اسکو فریز مت کریں۔

کلوکزاسلن کے کیپسول کو کمرے کے درجہ حرارت میں ٹھنڈی اور خشک جگہ پر اور سورج کی روشنی سے دور رکھیں۔ اسکو غسل خانے یا باورچی خانے میں مت رکھیں۔

ایسی ادویات مت رکھیں جن کی میعاد ختم ہو چکی ہو۔ متروک اور فالتو ادویات کو ضائع کرنے کے بہتریں طریقے کے بارے میں جاننے کے لئے اپنے دوا ساز سے بات کریں۔

کلوکزاسلن کو بچوں کی نظر اور پہنچ سے دور رکھیں اور اسے کسی محفوظ جگہ پر رکھیں۔ اگر آپکا بچہ بہت ذیادہ مقدار میں کلوکزاسلن استعمال کر لے تو اونٹاریو پوائزن سنٹر کے ان میں سے کسی ایک نمبر پر کال کریں۔ یہ کالیں مفت ہیں۔

  • اگر آپ ٹورونٹو میں ہیں تو 5900-813-416 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو میں کسی اور جگہ پر رہتے ہیں تو 9017-268-800-1 پر کال کریں۔
  • اگر آپ اونٹاریو سے باہر رہتے ہیں تو اپنے لوکل پوائزن انفارمیشن سنٹر میں کال کریں۔

دست برداری: اس فیملی مڈ ایڈ میں مہیا کی گئی معلومات پرنٹنگ کے وقت درست تھیں۔ یہ کتابچہ کلوکزاسلن کی معلومات کا خلاصہ مہیا کرتا ہے اور اس میں دوا کے بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں۔ اس دوا کے تمام ضمنی اثرات کا نہیں بتایا گیا۔ اگر آپکا کوئی سوال ہے یا آپکو کلوکزاسلن کے بارے میں اور معلومات درکار ہوں تو اپنے قریبی ہیلتھ کئیر مہیا کرنے والے سے رابطہ کریں۔

Last updated: مارچ 21 2010