کالی کھانسی کیا ہے ؟
پرٹیس ( پکاریں : پرـ ٹوس ـ از)، عام طور پر اس کوکالی کھانسی کہتےہیں، یہ سانس لینے والے راستے کے اُوپر کی طرف اور پھیپھڑوں میں اچانک انفیکشن کا حملہ ہوتا ہے۔
یہ بیماری عام طور پر تین مرحلوں میں ہوتی ہے :
اس کی ابتداء آپکے بچے کو ہلکے زُکام کی طرح کی علامات مثلاً ناک کا بہنا اور ہلکی کھانسی سے ہوتی ہے۔
دوسرے مرحلے میں کھانسی بہت خراب ہوجاتی ہے ۔یہ اچانک دورے یا کلسٹر کی صورت میں آتی ہے، جس میں بچے کو بار بار شدید کھانسی ہوتی ہے۔ اور اس کے بعد سانس کو بحال کرنے میں مشکل ہوتی ہے۔
کھانسی کے ساتھ بچے کے لئے سانس لینا مشکل ھو جاتا ھے ۔ بہرحال جب وہ سانس اندر کھینچنے کے قابل ہوتے ہیں، تو ممکن ہے کہ تیز چیخ کی سی آواز سنی جائے۔ جس کی وجہ سے بچوں کے چہرے سرخ ھو جاتے ہیں اسکی مخصوس آواز کی وجہ سے اس کو کالی کھانسی کہتے ہیں۔ یہ انفیکشن ناک اور گلے میں بہت زیادہ گاڑھا بلغم بناسکتی ہے۔
اکثر یہ کھانسی قے، دودھ اور کھانے کی اُلٹی اور بلغم کا سبب بنتی ہے۔
شفایابی اور افاقے کے تیسرے مرحلے میں متواتر افاقہ ہوتا نظر آتا ہے لیکن ہلکے درجہ کی کھانسی پھر بھی ہوتی ہے۔لیکن یہ دوسرے مرحلے سے کم شدید اثرات رکھتی ھے۔
کالی کھانسی نوزائیدہ بچوں میں بہت خطرناک ہوسکتی ہے۔کیونکہ ان کی سانس کی نالیاں بہت چھوٹے ہوتی ہیں۔ ممکن ہے کہ کالی کھانسی والے نوزائیدہ بچوں کو ہسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت پڑے۔
کالی کھانسی کی نشانیاں اور علامات
- متواتر، شدید کھانسی کا دورہ
- کھانسی کے بعد دودھ،غذا، یا بلغم کی قے
- کھانستے وقت چہرے کا رنگ بدلنا
- سانس اندر لیتے وقت چیخ کی سی تیز آواز
کالی کھانسی کی وجوہات
بیکٹیریا (جرثومہ)بارڈیٹیلا پیرٹیسیس کالی کھانسی کی بیماری کا سبب بنتا ہے۔ تقریباً ہمیشہ سےکالی کھانسی حفاظتی ٹیکے کے ذریعے روکی جا سکتی ہے۔ جن لوگوں میں ٹیکہ لگ چکا ہوتا ہے، ان میں وقت گزرنے کے ساتھ قوت مدافعت (تحفظ) کم ہوسکتی ہے۔ بالغان جن کو بوسٹر کا ٹیکہ نہیں لگتا ہے ان کو یہ بیماری لگ سکتی ہے اور وہ یہ انفیکشن (متعدی بیماری) بچوں کو لگا سکتے ہیں۔ وہ نوزائیدہ بچے جنہیں کالی کھانسی کے مکمل حفاظتی ٹیکے نہیں لگتے، انہیں یقینی طور پر خطرہ لاحق ہوتا ہے۔
اگر آپ نے اور آپکے بچے نے ویکسینیشن کروائی ھوئی ھے تو وقت گزرنے کے ساتھ اس کی مدافعت کم ھو جائے گی۔بالغ حضرات جنہوں نے بوسٹر ویکسین کی خوراک نہیں لی، وہ بیمار ھو سکتے ھیں اور انفیکشن اپنے بچوں کو منتقل کر دیتے ھیں۔ ایسے بچے جنہوں نے ویکسین کی پوری خوراک نہیں لی ھوتی انہیں کالی کھانسی لگنے کے مواقع ھوتے ھیں
دوسرے جراثیم بھی ایسی بیماری کا سبب بن سکتے ہیں جوکہ دیکھنے اور سننےمیں کالی کھانسی کی طرح لگتی ہے، لیکن وہ
بیماری اتنی شدید نہیں ہوتی۔
کالی کھانسی کی پیچیدگیاں
کالی کھانسی ایک خطرناک بیماری ہوسکتی ہے، خاص طور پر نوزائیدہ بچوں کے لئے۔ مُمکِنا پیچیدگیوں میں نمونیا، سانس کا رک رک کر آنا، مرض کا دورہ اور موت شامل ہیں۔
کالی کھانسی کے لئے خطرے والے عناصر
پہلا خطرے کا عنصر یہ ہےکہ کالی کھانسی کے خلاف حفاظتی ٹیکہ نہ لگوانا۔ ایسے بڑے بچے یا بالغ افراد جن کو یہ بیماری لاحق ہو ان کے پاس جانے کی وجہ سے بھی آپ کے بچے کو کالی کھانسی کی بیماری خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ بچوں کے اندر قوت مدافعت کم ہوتی ہے اور جب وہ دوسرے بیمار بچے سے ملتے ھیں توبہت جلد بیمار پڑ سکتے ہیں۔
آپ کا ڈاکٹر کالی کھانسی کے لئے کیا کرسکتا ہے
اگر آپ کے بچے کے ڈاکٹر کوکالی کھانسی کا شبہ ہوتا ہے تو وہ ٹیسٹ کرنے کے لئے ناک سے نکلنے والا مواد سواب ( چھوٹی تیلی جس کے ایک سرے پر روئی لگی ہوتی ہے) کے ذریعے سے لے گا۔ نتیجہ ( رزلٹ ) آنے میں 5 سے 7 دن لگ سکتے ہیں۔
اینٹی بائیوٹک کے ساتھ علاج
اگر ڈاکٹر کو بہت زیادہ شبہ ہے کہ کالی کھانسی ہے، تو غالباً ڈاکٹر جلد ہی اینٹی بائیوٹک سے علاج شروع کرنے کی مشورہ دے گا۔ اینٹی بائیوٹکس بہت موثر ہوتی ہیں اگر وہ بیماری شروع ہونے کے 3 دن کے اندر شروع کردی جائیں۔ ورنہ اگر کالی کھانسی کے لئے سواب مثبت ہے، تو اینٹی بائیوٹک تجویز کر دی جائے گی۔ اس بات کو یقینی بنائیے کہ اینٹی بائیوٹک کے علاج کا کورس پورا مکمل کریں۔ وہ لوگ جن کا آپ کے بچے سے قریبی تعلق رہا ہے، ان سے بھی اینٹی بائیوٹک لینے کو کہا جا سکتا ہے تاکہ اس بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔
ممکن ہےکہ 3 ماہ سے کم عمر کے نوزائیدہ بچے اور بڑے بچے جن کو سانس لینے، کھانے یا پینے میں مشکل پیش آرہی ہو، ان کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑ سکتا ہے۔
گھر پر اپنے بچے کی نگہداشت
ہیومیڈیفائیڈ ہوا
ممکن ہے کہ نم ہوا بلغم کو نرم کرنے میں معاون ثابت ہو ، جبکہ خشک ہوا کھانسی کو بدتر بنانے کی طرف مائل کرتی ہے۔ ایک کول مسٹ ویپورائیزر یعنی ٹھنڈی پھوار چھوڑنے والا آلہ یا ہیومیڈیفائر یعنی ہوا میں نمی پیدا کرنے والا آلہ بچے کے کمرے میں رکھنے سے ممکن ہے کہ مدد ملے۔
نمکین محلول
ناک میں ڈالنے والا نمکین محلول (سیلینیکس یا دیگر برانڈز ) استعمال کرنا ناک اور گلے سے بلغم کو بہنے اور نکالنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ احتیاط سے بلب سرنج کے ساتھ بلغم ناک سے باہر کی طرف کھینچنے سے بھی مدد مل سکتی ہے۔
اپنے بچے کے سونے کے طریقے کو درست کریں
اپنے بچے کو دودھ پلانے سے پہلے اور بعد میں اٹھا کر سیدھا کریں، ممکن ہے کہ ایسا کرنا سانس لینے کو آسان بنائے اور معدے کے اجزا منہ میں آنے اور قے ہونے میں کمی ہوجائے۔
پینے والی چیزیں چھوٹے چھوٹے گلاسوں میں وقتاًفوقتاً پیش کریں
اپنے بچے کا حوصلہ بڑھائیں کہ وہ بار بار پینے والی چیزیں تھوڑی تھوڑی پیئے۔ اگر آپ کا بچہ قے کر رہا ہے تو جسم کا پانی برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔ نوزائیدہ بچے جو ماں کا دودھ پیتے ہیں اُن کو ماں کا دودھ پلاتے رہنا چاہیئے ۔
دھوئیں والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں
اپنے بچے کو دھوئیں والی فضا اور دوسرے ہیجانی ماحول سے دور رکھیں۔ سگریٹ کے دھوئیں کا سامنا کھانسی میں شدت پیدا کر سکتا ہے۔
طبی مدد کب حاصل کی جائے
بچے کے معمول کے ڈاکٹر کو فون کریں اگر :
- آپ کے بچے کو کھانسی ہے جوکہ مستقل ہو، مزید بگڑ رہی ہو، یا اچانک بچے کو کھانسی کا دورہ یا کلسٹر ہو جائے
- آپ کے بچے کا کسی ایسے فرد سے واسطہ پڑا ہو جس کو کالی کھانسی ہو
- آپ کے بچے کو بخار چڑھ گیا ہو
اپنے قریبی ایمرجینسی ڈپارٹمنٹ میں جائیں یا 911 پر کال کریں اگر :
- کھانسی کا دورہ آپ کے بچے کے چہرے کو نیلے رنگ میں بدلنے یا آپ کے بچے میں سانس رک جانے کا باعث بنتا ہے، یا سانس لینا مشکل ہو جائے یا بند ھو جائے
- کھانسی سانس لینے میں مشکل پیدا کرتی ھے یا سانس بہت تیز آتا ھے
- اگر آپ کا بچہ جواباً عمل نہ کر رہا ہو، سست (کاہل) نظر آرہا ہو ، یا تھک رہا ہو
- آپ کے بچے کو[ سیزر] دورہ پڑا ہو (جسم میں مستقل جھٹکے لگ رہے ہوں جو کہ روکے نہ جا سکیں)
- آپ کا بچہ پی نہ رہا ہو، قے کر رہا ہو اور اس کے جسم کے جسم میں پانی کی کمی ہو گئی ہو
- آپ کے بچے کو بہت تیز بخار ہو گیا ہو
- آپ کے بچے نے بیماروں کی طرح عمل کرنا شروع کر دیا ہو
- اگر آپ کے پاس مزید سوالات ہوں یااگر آپ کو تشویش ہو
اہم نکات
- چھوٹے بچوں میں کالی کھانسی ایک سنگین اور خطرناک متعدی مرض ہو سکتا ہے اگر وہ پوری طرح سے حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے سے محفوظ نہ ہوں۔
- کھانسی حفاظتی ٹیکوں سے روکی جا سکنے والی بیماری ہے۔ یہ بہت اہم ہے کہ اپنے بچے کو کالی کھانسی کے خلاف حفاظتی ٹیکے لگوائیں ۔ اس بارے میں اپنے صحت کی نگہداشت فراہم کرنے والے سے بات کریں۔
- آپ کے بچے کے ساتھ قریبی تعلق رکھنے والوں کو ادویات لینی چاہیئں۔